’پارلیمنٹ کو اس فسطائیت زدہ حکومت نے مذاق بنا دیا‘:عامرڈوگر

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کو اس فسطائیت زدہ حکومت نے مذاق بنادیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پارلیمنٹ کو بند ہونا چاہیے۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ جو گرفتاریاں ہوئیں کیا آپ سمجھتے ہیں اسپیکر کی اجازت شامل تھی؟ جواب میں عامر ڈوگر نے کہا کہ اسپیکر کی اجازت کے بغیر اس عمارت کے اندر کوئی چڑیا بھی پر نہیں مارسکتی۔انہوں نے کہا کہ 9 ستمبر کی رات اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بے بس نظر آئے، پولیس سے مل کر پوچھا گیا کہ جن کی گرفتاری چاہیے نام بتادیں۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ اگر پارلیمان مجھے تحفظ نہیں دے سکتا تو عوام کو کیا دے گا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایم این اے مولانا نسیم کو پارلیمنٹ کی مسجد سے گریبان میں ہاتھ ڈال کر گرفتار کیا گیا، سوچنے کی بات ہے پارلیمنٹ کی چابیاں نقاب پوشوں کے پاس کہاں سے آئیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارلیمانی امور سے متعلق کمیٹی کی سربراہی اپوزیشن کو دی جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے 18 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔

کمیٹی پارلیمنٹ کے امور کو بہتر انداز سے چلانے کا کام کرے گی۔کمیٹی میں اسحاق ڈار، خواجہ آصف، نوید قمر، خورشید شاہ، خالد مقبول صدیقی، سید امین الحق، علیم خان شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پارلیمانی کمیٹی میں اختر مینگل، اعجاز الحق، خالد حسین مگسی، صاحبزادہ حامد رضا، بیرسٹر گوہر علی، محمود خان اچکزئی، حمید حسین، شاہدہ بیگم بھی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں