پاک افغان سرحد پر ’آپریشن غضب للحق‘، افغان طالبان کی پوسٹیں نشانہ

اسلام آباد (آئی ایس پی آر)پاکستان نے پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے جواب میں ’آپریشن غضب للحق‘ شروع کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس آپریشن کے دوران چن چن کر افغان طالبان کی پوسٹیں نشانہ بنائی جا رہی ہیں اور اب تک 30 طالبان کے ہلاک ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ چترال سیکٹر میں افغان طالبان کی چیک پوسٹ کو پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے تباہ کر دیا جبکہ طالبان نے پاک افغان سرحد کے مختلف مقامات پر فائرنگ کی۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناوگئی سیکٹر، باجوڑ، تیراہ خیبر، ضلع مہمند اور ارندو سیکٹر چترال میں بھی بھرپور جواب دیا اور باجوڑ میں افغان طالبان کی دو چوکیاں تباہ کیں۔

مہمند کے گرسال سیکٹر میں پاک فوج کی بھرپور کارروائی جاری ہے اور یہاں بھی افغان طالبان کی چیک پوسٹیں تباہ کی گئی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے افغان طالبان کی تعداد تقریباﹰ 30 ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کے فوری اور سخت جواب کے لیے مکمل تیار ہیں۔ افغان طالبان کی کواڈ کاپٹر کے ذریعے چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور تمام کواڈ کاپٹرز گرائے گئے۔

پاکستانی سیکیورٹی فورسز چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ذریعے گولہ باری جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ ڈرونز کے ذریعے بھی چن چن کر طالبان کی پوسٹیں نشانہ بنائی جا رہی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ افغان طالبان کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے اور فیک ویڈیوز کی بھرمار ہے۔