پاک–بھارت بلائنڈ ویمن کرکٹرز نے ہاتھ ملا کر دل جیت لیے

سری لنکا میں ہونیوالے پہلے بلائنڈ ویمن ٹی20 ٹورنامنٹ میں ٹیموں کا قابلِ قدر جیسچر، میچ بھارت کے نام

کولمبو(سپورٹس ڈیسک)دنیا کے پہلے بلائنڈ ویمن ٹی20 ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کی بلائنڈ خواتین کرکٹرز نے غیر معمولی اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے سے گرمجوشی سے ہاتھ ملا کر سب کے دل جیت لیے۔ دونوں ممالک کے درمیان جاری سیاسی تناؤ اور کرکٹ تعلقات میں کشیدگی کے باوجود کھلاڑیوں کے اس مثبت رویے نے کھیل کی حقیقی روح کو اجاگر کیا۔

سری لنکا میں جاری اس ایونٹ کے منتظمین کا کہنا تھا کہ دونوں پڑوسی ممالک کی کھلاڑیوں نے ثابت کیا کہ اگرچہ وہ بینائی سے محروم ہیں، مگر ان میں وہ وژن موجود ہے جو ان کی باقاعدہ قومی ٹیموں میں نظر نہیں آ رہا۔

ایٹمی طاقت رکھنے والے پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی میں ہونے والی فوجی جھڑپ کے بعد سے میدان کے اندر اور باہر کشیدگی برقرار ہے۔ گزشتہ ماہ مینز ایشیا کپ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہ ملانے کے واقعے کے بعد خواتین ٹیموں نے بھی ٹی20 ورلڈ کپ اور دوحہ میں ہونے والے رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں ’نو ہینڈ شیک‘ کی روایت برقرار رکھی تھی۔

بلائنڈ ویمن ٹیموں سے بھی یہی توقع کی جا رہی تھی، خاص طور پر اس وقت جب ٹاس کے بعد بھی کوئی ہینڈ شیک نہیں ہوا۔ تاہم میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں نے نہ صرف ایک دوسرے سے ہاتھ ملایا بلکہ ایک ہی بس میں سفر کر کے گراؤنڈ تک پہنچیں، ایک دوسرے کی کارکردگی کو خوب سراہا اور دل کھول کر مبارکبادیں دیں۔

میچ میں بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے جس کا ہدف بھارتی ٹیم نے 11ویں اوور میں باآسانی حاصل کر لیا۔

پاکستان کی کپتان نمرا رفیق نے بھارتی ٹیم کو شاندار فتح پر مبارکباد دی جبکہ بھارتی کپتان ٹی سی دیپیکا نے پاکستان کی کارکردگی کو قابلِ تعریف قرار دیا۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے لیے بھرپور تالیاں بجائیں، تاہم میڈیا سے گفتگو کی اجازت کسی کھلاڑی کو نہیں دی گئی۔