پاک فضائیہ کا مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ

اسلام آباد ( آئی ایس پی آر)پاک فضائیہ نے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کر لیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تیمور ائیر لانچڈ کروز میزائل 600 کلومیٹر تک زمینی اور بحری اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تیمور کروز میزائل کم بلندی پر پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے، جو دشمن کے ائیر ڈیفنس اور میزائل ڈیفنس سسٹمز کو چکمہ دینے میں مؤثر ثابت ہو سکتی ہے، جبکہ یہ جدید نیوی گیشن اور گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فلائٹ ٹیسٹ کا مشاہدہ پاک افواج کے سینئر افسران اور دفاعی سائنسدانوں نے کیا۔ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سائنسدانوں اور انجنیئرز کو کامیاب تجربے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس پیش رفت کو قومی دفاعی صلاحیتوں میں اہم سنگ میل قرار دیا۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی پاک فضائیہ کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔