پاکستان-امریکہ ٹیک انویسٹمنٹ کانفرنس 2025 نیویارک میں کامیابی سے اختتام پذیر

امریکی سرمایہ کاروں کی پاکستانی ڈیجیٹل شعبے میں بھرپور دلچسپی، دوطرفہ تعاون کے نئے دروازے کھلنے لگے

نیو یارک(نمائندہ خصوصی)پاکستان اور امریکہ کے درمیان ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے “پاکستان-امریکہ ٹیک انویسٹمنٹ کانفرنس 2025” نیویارک میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس اعلیٰ سطحی کانفرنس نے پاکستانی آئی ٹی سیکٹر اور امریکی سرمایہ کاروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے اور مشترکہ ترقی کی راہیں ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ کانفرنس پاکستانی سفارتخانے نیو یارک اور قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی کی بھرپور کوششوں سے منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ممتاز ٹیکنالوجی کمپنیوں، اسٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں، اور کاروباری ماہرین کی قابل ذکر شرکت دیکھنے میں آئی۔

ڈیجیٹل معیشت میں پاکستان کی پیشرفت، خاص طور پر آؤٹ سورسنگ، فِن ٹیک، مصنوعی ذہانت (AI)، اور SaaS شعبوں میں ترقی کو اجاگر کیا گیا۔شرکاء نے پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم، آئی ٹی ایکسپورٹس میں مسلسل اضافے، اور نوجوان ٹیلنٹ کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کو سراہا۔کانفرنس کے دوران پاکستان کے ڈیجیٹل اقدامات، سرکاری پالیسیوں، ٹیکنالوجی میں نوجوانوں کی شمولیت، اور برآمدات میں اضافے کی حکمت عملی پر مفصل تبادلہ خیال ہوا۔

قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے اپنے خطاب میں کہا “یہ کانفرنس پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کی عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی حیثیت کا مظہر ہے۔ ہمارا مقصد ہے کہ پاکستانی اسٹارٹ اپس دنیا سے جُڑیں، بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کریں، اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو نئی بلندیوں تک لے جائیں۔”انہوں نے مزید کہا کہ”پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ سرمایہ کاروں کیلئےایک سنہری موقع ہے کہ وہ اس صلاحیت سے فائدہ اٹھائیں۔”

کانفرنس پرامید اور مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جہاں کئی امریکی سرمایہ کاروں نے پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کی خواہش ظاہر کی خاص طور پر فِن ٹیک، AI، اور SaaS جیسے جدید شعبہ جات میں۔یہ کانفرنس نہ صرف ٹیکنالوجی کے میدان میں دوطرفہ روابط کو تقویت دینے کا ذریعہ بنی بلکہ پاکستان کو قابل اعتماد باصلاحیت اور تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ڈیجیٹل مارکیٹ کے طور پر متعارف کرانے میں مددگار ثابت ہوئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں