پاکستان اور UAE کے درمیان ویزا چھوٹ سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

ابوظہبی(بیورورپورٹ)پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے باہمی ویزا چھوٹ سے متعلق ایک مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں۔ یہ تاریخی پیش رفت پاکستان-یو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کے 12ویں اجلاس کے دوران سامنے آئی، جو 13 سال کے طویل وقفے کے بعد ابوظہبی میں منعقد ہوا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اس اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار اور یو اے ای کے وزیرِ خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کی۔ اجلاس سے قبل جے ایم سی کے ورکنگ گروپ کا اجلاس وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی طارق باجوہ اور یو اے ای کے وزیر مملکت احمد علی السیغ کی سربراہی میں ہوا۔

باہمی ویزا چھوٹ کا معاہدہ دونوں ممالک کے سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں پر لاگو ہوگا۔معاہدے پر دستخط اسحٰق ڈار اور شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کیے۔اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، ثقافت، دفاع، بینکاری، آئی ٹی، ہوابازی، ریلوے، صحت، توانائی، غذائی تحفظ، ماحولیاتی تبدیلی اور اعلیٰ تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ایک پروٹوکول معاہدہ بھی طے پایا جس کے تحت شعبہ جاتی ورکنگ گروپس کے ذریعے رابطے کو مؤثر بنایا جائے گا۔مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت سے متعلق ایک الگ معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔مشترکہ ٹاسک فورس برائے سرمایہ کاری کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا۔

وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا”یہ معاہدہ پاکستان اور یو اے ای کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور ادارہ جاتی سطح پر تعاون کو گہرا کرنے کی ہماری مشترکہ خواہش کا مظہر ہے۔”

دفتر خارجہ نے بتایا کہ دونوں ممالک نے JMC اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور فیصلہ کیا کہ 13واں اجلاس پاکستان میں باہمی مشاورت سے طے شدہ تاریخ پر منعقد کیا جائے گا۔

متحدہ عرب امارات، چین اور امریکا کے بعد پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔وہاں 10 لاکھ سے زائد پاکستانی تارکینِ وطن مقیم ہیں، اور یہ سعودی عرب کے بعد دوسرا سب سے بڑا ذریعۂ ترسیلات زر ہے۔

پاکستانی سفیر فیصل ترمذی کے مطابق مالی سال 2023-24 میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت 10.9 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔یہ اعلیٰ سطحی پیش رفت اس ماہ کے آغاز میں وزیر اعظم شہباز شریف کے متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ سرکاری دورے کا تسلسل ہے، جس میں انہوں نے شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات میں دوطرفہ اور علاقائی اُمور پر گفتگو کی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں