پاکستان اور اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن میں 513 ملین ڈالر فنانسنگ کا معاہدہ طے پا گیا

جدہ(نمائندہ خصوصی)پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) کے درمیان 513 ملین امریکی ڈالر کی فنانسنگ کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جو پاکستان کی توانائی کی اہم ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ معاہدے پر دستخط سعودی عرب میں اسلامی ترقیاتی بینک کے مرکزی دفتر میں ہوئے۔

پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو سپورٹ کرنے کیلئےحکومت پاکستان اور آئی ٹی ایف سی کے مابین 513 ملین امریکی ڈالر کے مالی معاونت کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ یہ تقریب سعودی عرب کے شہر جدہ میں اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر دفتر میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی سیکریٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے کی، جبکہ آئی ٹی ایف سی کے سی ای او انجینیئر ادیب الاعمی نے ادارے کی جانب سے دستخط کیے۔

تقریب میں اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد الجاسر بھی شریک تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ادیب الاعمی نے کہا کہ سال 2008 سے آئی ٹی ایف سی اور پاکستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت اب تک 8.1 ارب ڈالر سے زائد کی تجارتی مالی معاونت کی منظوری دی جا چکی ہے، جو پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے ہمارے عزم کا مظہر ہے۔

فنانسنگ کا یہ معاہدہ پاکستان کی درآمدی توانائی ضروریات — خاص طور پر تیل و گیس کی خریداری — کو پورا کرنے میں مدد دے گا اور جاری مالی دباؤ میں ریلیف فراہم کرے گا۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق یہ معاونت نہ صرف توانائی سیکٹر کو تقویت دے گی بلکہ ملکی ادائیگیوں کے توازن میں بہتری کا ذریعہ بھی بنے گی۔

پاکستان اور آئی ٹی ایف سی کے درمیان ہونے والا یہ نیا معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط مالی تعلقات اور اقتصادی تعاون کی عکاسی کرتا ہے، جس سے مستقبل میں بھی مشترکہ منصوبہ بندی اور ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں