لاہور ( نمائندہ خصوصی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ یہ سیریز 11 سے 15 نومبر تک راولپنڈی میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی سیریز راولپنڈی میں شیڈول کی گئی ہے۔ یہ میچز 11 سے 15 نومبر تک کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ سری لنکا 2019 کے بعد پہلی بار پاکستان میں ون ڈے سیریز کھیلے گا، جسے شائقین کرکٹ ایک بڑی پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔
پی سی بی کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ پاکستان پہلی بار 17 سے 29 نومبر تک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ٹرائی سیریز کی میزبانی بھی کریگا۔ اس سہ ملکی سیریز میں پاکستان کے ساتھ افغانستان اور سری لنکا شامل ہوں گے۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ یہ ٹرائی سیریز آئندہ سال بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل تمام ٹیموں کو قیمتی تیاری فراہم کرے گی۔

