کپتان سلمان علی آغا چیمپئنز ٹرافی کے بعد ناراض شائقین کو منانے کیلئے پرعزم
لاہور(رپورٹ، محمد بابر بیوروچیف)قومی کرکٹ ٹیم آج نیوزی لینڈ کے خلاف سٹار بلے باز بابر اعظم اور محمد رضوان کے بغیر نئے ٹی ٹونٹی دورکا آغاز کرنے جارہی ہے۔دوسری جانب نیوی لینڈ کی ٹیم بھی اہم کھلاڑیوں کے بغیر میدان میں اترے گی جنہوں نے ملک کی بجائے دنیا کی مہنگی ترین انڈین پریمئر لیگ کو ترجیح دی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے حیران کن فیصلے میں ون ڈے فارمیٹ کی چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد ٹی ٹونٹی کے دو بہترین کھلاڑیوں بابر اعظم اور محمد رضوان کو ڈراپ کرکے سلمان علی آغا کوقیادت کے فرائض سونپے ہیں جو اس اہم رول کو احسن طریقے سے نبھانے کیلئے پر عزم ہیں۔دونوں ٹیموں کے مابین سیریز رمضان المبارک کے مہینے میں کھیلی جائے گی جہاں پاکستانی کھلاڑیوں کو قوم کی دعاؤں کا سہارا بھی حاصل ہوگا۔میچ سے قبل کرائسٹ چرچ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا ہم نے نیا کمبی نیشن بنانے کی کوشش ہے، ہم نیوزی لینڈ کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔ان کا کہنا تھا پاکستانی فینز ہم سے خوش نہیں کیونکہ ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی، ہم نے نا ہی فینز کی توقعات کے مطابق کرکٹ کھیلی اور نا ہی اپنے معیار کی کرکٹ کھیلی۔سلمان علی آغا کا کہنا تھا ہماری نئی ٹیم ہے اس کا مطلب یہ نہیں اچھی ٹیم نہیں ہے، سینئر بھی ہیں ٹیم میں اچھا کمبی نیشن ہے، ہم یہاں جیتنے آئے ہیں، ہم اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔قومی کپتان کا کہنا تھا ہیگلے اوول گراؤنڈ کی پچ بظاہر گرین لگ رہی ہے لیکن یہاں سپنرز کو بھی مدد ملے گی، شاہین اور حارث رؤف کی ٹی ٹوئنٹی میں کارکردگی بہتر ہے جبکہ فخر زمان اور صائم ایوب کی کمی محسوس ہو گی کیونکہ دونوں ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں، دونوں کی تیزی سے صحتیاب بھی ہو رہے ہیں اور امید ہے آنے والی سیریز میں دونوں ایکشن میں ہوں گے۔سلمان علی آغا کا کہنا تھا بابر اعظم اور محمد رضوان کی پاکستان کرکٹ کیلئے بہت خدمات ہیں، اب نیا کمبی نیشن بنانے کی کوشش کی ہے لیکن پہلے میچ کے لیے پلینگ الیون کا ابھی فیصلہ نہیں کیا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز کا پہلا میچ اتوار کی صبح چھ بجے شروع ہوگا۔

