اُرومچی (نامہ نگار)پاکستان اور چین نے لائیو اسٹاک انڈسٹری میں جدت، جدید ٹیکسٹائل انڈسٹریل پارک کے قیام اور فائر ٹرکس و ایمرجنسی آلات کی فراہمی و خدمات کے لیے تین اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ معاہدے خوراک کے تحفظ، برآمدات اور عوامی تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
چین کے شہر اُرومچی میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی موجودگی میں پاکستان اور چین کے درمیان تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ ان معاہدوں میں لائیو اسٹاک انڈسٹری میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، جدید ٹیکسٹائل انڈسٹریل پارک کے قیام اور فائر ٹرکس و ایمرجنسی ریسکیو آلات کی فراہمی اور خدمات شامل ہیں۔
صدر آصف زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ یادداشتیں خوراک کے تحفظ، صنعتی ترقی، برآمدات کے فروغ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ ان کے مطابق لائیو اسٹاک کے شعبے میں جدت سے دیہی معیشت کو فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
صدر نے مزید کہا کہ جدید ٹیکسٹائل پارک کا قیام نہ صرف برآمدات میں اضافہ کرے گا بلکہ ملکی صنعتی ترقی میں بھی اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ فائر ٹرکس اور ایمرجنسی آلات کی فراہمی سے عوامی تحفظ اور ریسکیو سروسز کو مزید مضبوط بنایا جا سکے گا۔
اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ، پاکستان اور چین کے سفیر بھی شریک تھے۔پاکستان اور چین کے درمیان یہ معاہدے دونوں ممالک کے معاشی و صنعتی تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز سمجھے جا رہے ہیں، جن سے زراعت، صنعت اور عوامی تحفظ کے شعبوں میں تعاون مزید گہرا ہوگا۔

