پاکستان اور کینیڈا کے درمیان معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (نامہ نگار)پاکستان اور کینیڈا کے درمیان معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ یہ اتفاق وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک اور کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا۔

ملاقات میں کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے میں بیرک گولڈ کی کامیابی پاکستان اور کینیڈا کے درمیان معدنی تعاون کی ایک مضبوط مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے نے عالمی مالی معاونت حاصل کرلی ہے جو کسی بھی پاکستانی منصوبے کے لیے اب تک کا سب سے بڑا فنڈنگ راؤنڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں کینیڈا کی تکنیکی معاونت پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

کینیڈین ہائی کمشنر نے بتایا کہ وہ کینیڈا کی مزید کمپنیوں کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں لانے کے لیے کوشاں ہیں، جبکہ کینیڈا کی وزارتِ قدرتی وسائل پاکستان کے معدنی شعبے کی معاونت کے لیے بھی تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی نظام میں پاکستان کیساتھ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ ریکوڈک منصوبے کے تحت اسکولوں، اسپتالوں اور دیگر سماجی منصوبوں سے مقامی آبادی کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔