اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)وزیرِاعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اگلے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کی میزبانی کرے گا اور حکام کو فوری طور پر تیاری شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنایا جائے اور اجلاس کیلئے رہائش اور دیگر انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔
اسلام آباد میں ٹی چوک فلائی اوور کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح کے رہائشیوں کیلئےآمد و رفت کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کریگا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو مختصر وقت میں مکمل کیا جائیگااور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔
وزیرِاعظم نے بتایا کہ ایک کلومیٹر طویل فلائی اوور سے ایکسپریس وے اور دیگر علاقوں تک ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور شہریوں کو سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان مسافروں کے لیے ریل سروس بھی فراہم کی جائیگی۔ اس سے قبل میٹرو بس سروس، نئی بسیں اور الیکٹرک ٹرانسپورٹ بھی مہیا کی جا چکی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریل کی پٹری پہلے سے موجود ہے اور اس منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد شہریوں کو مزید آسانی ہوگی۔شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان اگلی ایس سی او سمٹ کی میزبانی کریگااور اس حوالے سے انتظامات شروع کر دیے جائیں۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ رہائش کا انتظام کیا جائے اور اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنایا جائے تاکہ عالمی رہنماؤں کو خوش آمدید کہا جا سکے۔
وزیرِاعظم کے اعلان کے بعد توقع ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اگلے اجلاس کیلئے پاکستان میں سفارتی اور انتظامی سرگرمیاں تیز ہو جائیں گی اور اسلام آباد میں تیاریوں کا سلسلہ جلد شروع ہو جائیگا۔

