اوٹاوا (نمائندہ خصوصی) انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ICAO) کی 42ویں جنرل اسمبلی کا اجلاس 23 ستمبر سے 3 اکتوبر 2025 تک کینیڈا کے شہر مانٹریال میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (PCAA) کو ایوی ایشن سکیورٹی میں نمایاں بہتری پر کونسل پریذیڈنٹ سرٹیفکیٹ (CPC) سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ ڈائریکٹر جنرل پی سی اے اے ندیر شفیع ڈار نے وصول کیا۔

ڈائریکٹر جنرل پی سی اے اے نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئی سی اے او کے معیارات اور سفارشات (SARPs) پر عمل درآمد کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوی ایشن سکیورٹی کو پاکستان کی جانب سے دی جانے والی اہمیت کا اندازہ آئی سی اے او کے آڈٹس کے نتائج سے لگایا جا سکتا ہے۔ سنہ 2024 کے آئی سی اے او کوآرڈینیٹڈ ویلیڈیشن مشن (ICVM) میں پاکستان کا ایفی شینسی لیول (El) 84.69 فیصد رہا جو خطے اور دنیا کے اوسط سے کہیں زیادہ ہے۔ اسی طرح گزشتہ سال کے یونیورسل سکیورٹی آڈٹ پروگرام (USAP) میں پاکستان نے 86.79 فیصد اسکور حاصل کیا جو علاقائی اور عالمی اوسط دونوں سے بلند ہے۔
پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے اس موقع پر کہا کہ کونسل پریذیڈنٹ سرٹیفکیٹ کا اعزاز پاکستان کے ایوی ایشن سیکٹر کے لیے نہایت بروقت اور نیک شگون ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول ایوی ایشن کا شعبہ پاکستان کو دنیا سے جوڑنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سال 2024 میں بین الاقوامی مسافر ٹریفک 1 کروڑ 60 لاکھ سے زائد رہا جبکہ گھریلو ٹریفک محض 58 لاکھ رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایوی ایشن انڈسٹری کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

