پاکستان سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے وفد کی معروف امریکی سماجی شخصیت سے ملاقات

پاکستان اور امریکہ کے مابین سپورٹس ڈپلومیسی کے ذریعے کھیلوں کے روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال
آئندہ برس امریکہ میں فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستان کی بنی گیند استعمال ہوگی جو اعزاز کی بات ہے: وقار علی خان
امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سیاسی و سماجی شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے:اقبال ہارپر
اوورسیز پاکستانی ملک و قوم کیلئے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں
امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں ورلڈ کپ کا انعقاد نہایت اہم موقع ہے:محمد بابر

پاکستان سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے صدر محمد اقبال ہارپر اور سیکرٹری جنرل محمد بابر نے امریکہ کی معروف سماجی شخصیت وقار علی خان کے ساتھ اہم ملاقات کی۔ مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے مابین کھیلوں کے روابط بڑھانے کا جائزہ لیا گیا۔

وقار علی خان کا کہنا تھا کہ آئندہ برس امریکہ میں فٹبال ورلڈ کپ کا انعقاد ہورہا ہے جس میں پاکستان کی بنی فٹبال استعمال ہوگی جو ہم سب پاکستانیوں کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ پی ایس جے ایف کے صدر اقبال ہارپر کا کہنا تھا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سیاسی و سماجی شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے جس سے دیار غیر میں بسے پاکستانیوں کے وقار میں اضافہ ہوتا ہے۔

پی ایس جے ایف کے سیکرٹری جنرل محمد بابر کا کہنا تھا کہ امریکہ کینیڈا اور میکسیکو میں فٹبال ورلڈ کپ کا انعقاد ایک اہم موقع ہے اس موقع پر پاکستان اور امریکہ کے مابین کھیلوں کی سرگرمیاں دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا اوورسیز پاکستانی ملک و قوم کیلئے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں ان کا یہ اقدام لائق ستائش ہے۔ اس موقع پر دو طرفہ روابط کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔