پاکستان سے جنگ ہارنے کا اعتراف، کانگریس رہنما کے بیان پر بی جے پی سیخ پا

نئی دہلی(بھارتی میڈیا) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کانگریس کے سینئر رہنما اور مہاراشٹرا کے سابق وزیرِ اعلیٰ پرتھوی راج چوہان کے بھارتی فضائیہ اور مبینہ ’آپریشن سندور‘ سے متعلق بیان پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی بھارتی مسلح افواج سے نفرت کرتی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پرتھوی راج چوہان نے پونے میں پارٹی کارکنان کے ایک اجلاس سے مراٹھی زبان میں خطاب کرتے ہوئے بڑی فوج برقرار رکھنے کی ضرورت پر سوال اٹھایا اور کہا کہ مستقبل کی جنگیں فضائی محاذ پر لڑی جائیں گی۔ انہوں نے ’آپریشن سندور‘ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سات مئی کو ہونے والی مختصر فضائی جھڑپ میں بھارت کو پہلے ہی دن مکمل شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پرتھوی راج چوہان کے مطابق اس فضائی لڑائی میں بھارتی طیارے مار گرائے گئے اور اس کے بعد پوری بھارتی فضائیہ کو گراؤنڈ کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گوالیار، بھٹنڈہ یا سرسا سے جیسے ہی کوئی طیارہ اڑتا، پاکستان کی جانب سے مار گرائے جانے کا شدید خطرہ ہوتا، اسی لیے ایک بھی طیارہ دوبارہ پرواز نہ کر سکا۔

اس بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان شہزاد پونا والا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ پرتھوی راج چوہان کے یہ بیانات حیران کن اور متنازع ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس بھارتی مسلح افواج سے نفرت کرتی ہے اور فوج کی تضحیک ہی کانگریس کی پہچان بن چکی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پرتھوی راج چوہان نے یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے سے مکینیکل انجینئرنگ میں تعلیم حاصل کی اور امریکا میں اینٹی سب میرین وارفیئر کے لیے طیارہ جاتی آلات کی ڈیزائننگ کے شعبے میں بھی کام کیا۔ بعد ازاں وہ بھارت واپس آئے اور سیاست میں قدم رکھا، جہاں طویل عرصے سے انڈین نیشنل کانگریس سے وابستہ ہیں۔