پاکستان میں اسٹار لنک سروسز کے آغاز کی تیاریاں مکمل، ایلون مسک کی آمد متوقع

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)دنیا کی معروف سیٹلائٹ انٹرنیٹ کمپنی “اسٹار لنک” رواں سال کے آخر تک پاکستان میں اپنی خدمات کے باضابطہ آغاز کی تیاری مکمل کر چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق افتتاحی تقریب میں اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کی شرکت کا بھی قوی امکان ہے۔

پاکستان میں جدید سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ کمپنی اسٹار لنک رواں سال دسمبر تک ملک بھر میں اپنی سروسز کے آغاز کیلئےتیار ہے۔ ذرائع کے مطابق اسٹار لنک نے پاکستانی قوانین اور ریگولیٹری فریم ورک کے تحت کام کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ (PSARB) کی جانب سے بین الاقوامی سیٹلائٹ سروسز کیلئےنیا ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دیا جا رہا ہے، جس کی تکمیل کے فوراً بعد اسٹار لنک کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کی جانب سے باضابطہ لائسنس جاری کیا جائے گا۔

رواں برس مارچ میں اسٹار لنک کو ابتدائی این او سی جاری کیا جا چکا ہے، جب کہ دیگر سیٹلائٹ کمپنیوں جیسے ایمازون کویپر، شنگھائی ٹیلی کام اور ون ویب نے بھی رجسٹریشن میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ تاہم، اسٹار لنک وہ پہلی کمپنی ہے جس نے باقاعدہ رجسٹریشن کی درخواست جمع کرائی۔

اس حوالے سے گزشتہ ماہ اسلام آباد کے ایک ہوٹل میں سیٹلائٹ کمپنیوں کے نمائندگان کے ساتھ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام شزا فاطمہ نے بھی شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق ایلون مسک کی پاکستان آمد کے امکانات موجود ہیں، اور وہ سال کے آخر میں متوقع افتتاحی تقریب میں شرکت کر سکتے ہیں۔ ان کی آمد نہ صرف اس منصوبے کو عالمی توجہ دلائے گی بلکہ پاکستان میں ٹیکنالوجی، انٹرنیٹ پھیلاؤ اور بیرونی سرمایہ کاری کی نئی راہیں بھی کھول سکتی ہے۔

اسٹار لنک کی سروسز کے آغاز سے پاکستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی دستیابی ممکن ہو گی، جس سے تعلیم، صحت، ای گورننس اور کاروبار میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے ملکی معیشت اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو وسعت ملے گی۔

قومی سلامتی کے اداروں نے عندیہ دیا ہے کہ اسٹار لنک کی سروسز سے سیکیورٹی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہو گا، اور کمپنی نے تمام متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔پاکستان میں اسٹار لنک سروس کا آغاز نہ صرف ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا بلکہ ملک کو عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں بھی باوقار مقام دلانے کی بنیاد رکھے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں