پاکستان میں سال کا دوسرا مکمل چاند گرہن، عوام نے نایاب نظارہ دیکھا

کراچی (نمائندہ خصوصی)پاکستان سمیت دنیا کے کئی حصوں میں سال کا دوسرا مکمل چاند گرہن دیکھا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرہن کا آغاز رات 9 بج کر 27 منٹ پر ہوا جبکہ 10 بج کر 31 منٹ پر مکمل چاند گرہن دیکھا گیا۔

رپورٹ کے مطابق گرہن اپنی انتہا پر 11 بج کر 12 منٹ پر تھا اور مکمل چاند گرہن کا اختتام 11 بج کر 53 منٹ پر ہوگیا۔ اس کے بعد جزوی گرہن کا سلسلہ جاری رہا جو 12 بج کر 57 منٹ پر ختم ہوا، جبکہ چاند گرہن مکمل طور پر رات 1 بج کر 55 منٹ پر اختتام پذیر ہوا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس چاند گرہن کا مشاہدہ یورپ، ایشیا، افریقہ، آسٹریلیا، شمالی اور جنوبی امریکا میں بھی کیا گیا۔ اس موقع پر چاند نے سرخی مائل رنگ اختیار کیا جسے عام طور پر ’بلڈ مون‘ کہا جاتا ہے۔

ماہرین فلکیات کے مطابق جب سورج، زمین اور چاند ایک سیدھ میں آ جاتے ہیں تو زمین کا سایہ چاند پر پڑتا ہے، جس سے وہ سرخ دکھائی دیتا ہے۔ شمالی آئرلینڈ کی کوئینز یونیورسٹی بیلفاسٹ کے ماہر فلکیات ریان ملیگن کے مطابق چاند اس لیے سرخ نظر آتا ہے کیونکہ اس وقت چاند تک پہنچنے والی واحد روشنی زمین کے ماحول سے منعکس اور منتشر ہو کر گزرتی ہے۔

رواں برس اس سے قبل مارچ میں بھی ایک مکمل چاند گرہن دیکھا گیا تھا، جبکہ اس سے پہلے 2022 میں یہ نایاب منظر سامنے آیا تھا۔ ماہرین کے مطابق اگلا بڑا فلکیاتی مظاہرہ 12 اگست 2026 کو ہوگا جب ایک مکمل سورج گرہن یورپ کے ایک حصے میں دکھائی دے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں