پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے ہرا کر سہ ملکی ون ڈے سیریز کا فاتحانہ آغاز کردیا

راولپنڈی (خبر ایجنسیاں)پاکستان نے سہ ملکی ایک روزہ کرکٹ سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر کامیاب آغاز کیا۔ قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 305 رنز بنائے، جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم 268 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جیت میں سلمان علی آغا کی شاندار سنچری اور شاہین آفریدی کی عمدہ بولنگ نے اہم کردار ادا کیا۔ سلمان علی آغا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور دونوں اوپنرز فخر زمان اور صائم ایوب جلد آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 23 رنز پر گری، جب صائم ایوب 7 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ دوسری وکٹ 32 رنز پر گری اور فخر زمان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد بابر اعظم اور سعد بیگ نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی اور اسکور 106 رنز تک پہنچا دیا۔ بابر اعظم 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ پاکستان کی چوتھی وکٹ 118 رنز پر گری، جب سعد بیگ 39 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔

اس موقع پر سلمان علی آغا اور حسن نواز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 97 رنز کی شراکت قائم کی۔ ٹیم کا مجموعی اسکور 215 رنز پر پہنچا تو حسن نواز 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ بعدازاں عرفات منہاس نے سلمان علی آغا کا ساتھ دیا اور دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 64 رنز جوڑے۔ عرفات منہاس 18 رنز بنا کر 279 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔

سلمان علی آغا نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنے ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر کی چوتھی سنچری مکمل کی۔ وہ 291 رنز کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، تاہم ان کی اننگز نے پاکستان کو مضبوط مجموعہ ترتیب دینے میں مدد دی۔ آخری اوورز میں شاہین آفریدی نے 13 اور فہیم اشرف نے 6 رنز بنائے، جبکہ نسیم شاہ اور حارث رؤف کوئی رن نہ بنا سکے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 305 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، اسیتھا فرنینڈو نے 3 جبکہ دلشان مدھوشنکا نے 2 پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم کا آغاز محتاط رہا، تاہم اوپنر اوشکا فرنینڈو 5 اور کپتان کوسال مینڈس 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کمنڈو مینڈس نے 44 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، لیکن 91 رنز تک سری لنکا کی 4 وکٹیں گر چکی تھیں اور ٹیم دباؤ میں آگئی۔

اس مرحلے پر پوون رتنانائیکے اور جنیتھ لیاناگے نے مزاحمت کی۔ پوون رتنانائیکے نے 79 جبکہ جنیتھ لیاناگے نے 60 رنز بنائے۔ دونوں کی اننگز نے سری لنکا کی جیت کی امیدیں برقرار رکھیں، لیکن مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کے لیے درکار رفتار برقرار نہ رہ سکی۔ اختتامی لمحات میں داسن شناکا نے 28 رنز بنائے، تاہم سری لنکن ٹیم 268 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے میچ 37 رنز سے جیت لیا۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سلمان علی آغا کو سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا تھا کہ وکٹ تازہ ہے اور اگر پاکستان ٹاس جیتتا تو وہ بھی پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دیتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ 300 رنز کا مجموعہ حاصل کرے۔سہ ملکی سیریز میں پاکستان اور سری لنکا کے علاوہ انگلینڈ کی ٹیم بھی شریک ہے۔