ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کینیڈا کے صدر چوہدری جاوید گجر اور جنرل سیکریٹری طاہر راؤ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یومِ پیدائش (5 جنوری) کے موقع پر مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شہید بھٹو نہ صرف پاکستان کے عظیم ترین رہنماؤں میں سے تھے بلکہ وہ مظلوموں، محنت کشوں اور پسے ہوئے طبقات کی آواز بھی تھے۔ ان کی سیاسی جدوجہد نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا اور ملک کو خودداری، جمہوریت اور عوامی اختیار کا شعور عطا کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نعرہ “روٹی، کپڑا اور مکان” آج بھی پاکستان کے عوام کے دلوں کی ترجمانی کرتا ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، خارجہ پالیسی میں خودمختاری کو فروغ ملا اور عوام کو سیاسی شعور و اعتماد حاصل ہوا۔
چوہدری جاوید گجر اور طاہر راؤ نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کی امین ہے اور پارٹی موجودہ قیادت میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی رہنمائی میں عوام کی فلاح و بہبود، جمہوریت کے استحکام، انسانی حقوق کے تحفظ اور سماجی انصاف کے فروغ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قربانیاں اور خدمات تاریخِ پاکستان میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی اور آنے والی نسلیں ان کے افکار و نظریات سے رہنمائی حاصل کرتی رہیں گی۔

