راولپنڈی(آئی ایس پی آر) چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو کبھی کسی دباؤ یا جارحیت کے آگے جھکایا نہیں جا سکتا، اور قوم اپنے شہدا کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔ اُنہوں نے جنوبی ایشیا کے تزویراتی استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ افسران اور فیکلٹی سے خطاب کیا۔ اُنہوں نے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا”پاکستانی قوم، اپنی قومی قیادت کے ساتھ، مادرِ وطن کے دفاع کیلئے ایک آہنی دیوار بن چکی ہے۔ معرکۂ حق کی کامیابی ہمارے قومی عزم اور ریاستی اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی کی عکاسی ہے۔”
بھارت کی طرف سے خطرات پر خبردار
خطے کی صورتِ حال پر تبصرہ کرتے ہوئے آرمی چیف نے بھارت کے جانب سے پاکستان کے خلاف فوجی جارحیت کے بڑھتے رجحان کو خطرناک اور غیر ذمے دارانہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ”ہم ہر قسم کی جارحیت اور خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستان کو کبھی بھی دباؤ میں نہیں لایا جا سکتا۔”
مسئلہ کشمیر اور آبی دہشت گردی پر مؤقف
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا، اور بھارت کی طرف سے کی جانے والی غیر قانونی آبی دہشت گردی کو خطے کے لیے خطرناک قرار دیا۔
دہشت گردی کے خلاف قومی عزم
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے تمام شواہد دنیا کے سامنے لائے جائیں گے، اور قوم اس جنگ کو کامیابی سے ہمکنار کرے گی۔
عسکری تربیت، اختراعی سوچ اور تحقیق پر زور
طلبہ افسران سے خطاب میں فیلڈ مارشل نے کہا کہ فوجی افسران کو چاہیئے کہ وہ لگن، عزم اور حب الوطنی کے جذبے سے اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کو مستقبل کے عسکری رہنماؤں کی تیاری کا اہم مرکز قرار دیتے ہوئے اختراعی سوچ، تدبر اور تحقیق کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

