پاکستان کی سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ کی متنازعہ ویڈیو کے معاملے پر لب کشائی

لاہور (شوبز ڈیسک) پاکستان کی سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے ماضی میں متنازعہ ویڈیو وائرل ہونے کے معاملے پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کڑا وقت دراصل اللّٰہ تعالیٰ کی طرف سے ایک آزمائش تھا جس نے انہیں بہتر انسان بنایا۔

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے زندگی میں کبھی کسی کو بددعا نہیں دی، تاہم اس مشکل دور میں خانہ کعبہ میں بیٹھ کر انہوں نے بہت سے لوگوں کے خلاف بددعا کی۔

رابی پیرزادہ نے کہا کہ جب اللّٰہ کسی کو امتحان میں ڈالتا ہے تو دو راستے ہوتے ہیں، ایک منفی تشہیر کو کیش کروا کر شہرت حاصل کرنے کا اور دوسرا سب کچھ چھوڑ کر اللّٰہ کی طرف لوٹ جانے کا، اور انہوں نے دوسرا راستہ اختیار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس دور میں انہیں شوبز اور لائم لائٹ سے نفرت ہونے لگی تھی، انہیں محسوس ہوا کہ اس وقت اللّٰہ ہی ان کے ساتھ ہے، جبکہ والدین کے سوا کوئی سہارا موجود نہیں تھا۔

سابقہ گلوکارہ کے مطابق بعد ازاں اللّٰہ تعالیٰ نے حالات اس طرح بدلے کہ بُرے لوگ ان کی زندگی سے الگ ہو گئے اور اچھے لوگ ان کی زندگی کا حصہ بن گئے۔ رابی پیرزادہ نے کہا کہ وہ سب کچھ اللّٰہ کے ایک بڑے منصوبے کا حصہ تھا جو انہیں ایک بہتر مقصد کی طرف لے جا رہا تھا۔