پاکستان کی صدر ٹرمپ کو 2026 کے نوبل امن انعام کیلئے نامزدگی کی باضابطہ سفارش

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) حکومتِ پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ صدرِ امریکہ جناب ڈونلڈ جے ٹرمپ کو سال 2026 کے نوبل امن انعام کیلئے باضابطہ طور پر نامزد کرے گی۔ یہ فیصلہ صدر ٹرمپ کی حالیہ پاک-بھارت بحران کے دوران فیصلہ کن سفارتی مداخلت اور کلیدی قیادت کے اعتراف میں کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی برادری نے بھارت کی جانب سے کی گئی غیر اشتعال انگیز اور غیر قانونی جارحیت کو مشاہدہ کیا، جو نہ صرف پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی تھی بلکہ اس کے نتیجے میں معصوم شہریوں، بالخصوص خواتین، بچوں اور بزرگوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع بھی ہوا۔ پاکستان نے اپنے بنیادی حقِ دفاع کا استعمال کرتے ہوئے “آپریشن بنیان مرصوص” کے تحت ایک مربوط، مدبرانہ اور ہدفی فوجی کارروائی کی، جس کا مقصد جارحیت کا جواب دینا، قومی سرحدوں کا دفاع کرنا اور دانستہ طور پر شہری آبادی کو نقصان سے بچانا تھا۔

ایسے نازک وقت میں، جب خطے میں کشیدگی انتہائی خطرناک سطح پر پہنچ چکی تھی، صدر ٹرمپ نے اعلیٰ درجے کی سیاسی بصیرت اور مدبرانہ قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد اور نئی دہلی دونوں کے ساتھ بھرپور سفارتی روابط قائم کیے۔ ان کی کوششوں نے نہ صرف اس بگڑتی ہوئی صورتحال کو سنبھالا بلکہ بروقت جنگ بندی کروا کر دونوں ایٹمی طاقتوں کے مابین ایک تباہ کن جنگ کو روک دیا۔ ان کی یہ مداخلت حقیقی امن کے داعی اور مکالمے کے ذریعے تنازعات کے حل کے عزم کا ثبوت ہے۔

حکومتِ پاکستان صدر ٹرمپ کی اس دیرینہ پیشکش کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، جس کے تحت انہوں نے مسئلہ جموں و کشمیر کے حل میں معاونت کی خواہش ظاہر کی ہے۔ یہ تنازع جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کا بنیادی سبب ہے اور جب تک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں ہوتا، اس وقت تک دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں۔

سال 2025 کے پاک-بھارت بحران کے دوران صدر ٹرمپ کی قیادت نے اُن کے عملی سفارتکاری اور مؤثر امن سازی کے تسلسل کو اجاگر کیا ہے۔ پاکستان کو اُمید ہے کہ اُن کی یہ سنجیدہ کوششیں نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ مشرق وسطیٰ سمیت دنیا بھر میں قیامِ امن، بالخصوص غزہ میں جاری انسانی المیے اور ایران کے گرد بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں بھی، عالمی استحکام میں مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں