پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیرعظیم شخصیت ہیں: صدر ٹرمپ

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو پسند کرتا ہوں اور پاکستان کے فیلڈ مارشل عظیم شخصیت کے مالک ہیں۔واشنگٹن میں غزہ امن بورڈ کے اجلاس کے موقع پر افتتاحی خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور بصیرت قابلِ ستائش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل پاکستان کے عظیم جنرل، مضبوط اور فیصلہ کن رہنما ہیں اور وہ ٹف فائٹرز کو پسند کرتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں شدت پیدا ہو رہی تھی لیکن امریکہ نے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے جنگ رکائی، اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بتایا کہ اگر جنگ نہ روکی گئی تو بھاری پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ ان کے مطابق اس جنگ میں گیارہ جیٹ طیارے گرائے گئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے آٹھ جنگیں ختم کروائی ہیں اور نویں جنگ کے خاتمے کے قریب ہیں۔ غزہ امن بورڈ عالمی سطح پر پائیدار امن کے لیے اہم فورم ہے جس میں دنیا کے اہم ممالک شامل ہیں اور اس کا کوئی متبادل موجود نہیں۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا غزہ امن بورڈ کے لیے دس ارب ڈالر فراہم کرے گا اور اقوام متحدہ کے ساتھ قریبی رابطہ میں رہے گا تاکہ امدادی کام مؤثر طریقے سے انجام دیے جائیں۔ غزہ میں فٹبال منصوبے کے لیے فیفا سترہ کروڑ پچاس لاکھ ڈالر فراہم کرے گا جبکہ چین اور روس بھی امدادی منصوبوں میں شامل ہوں گے۔

انہوں نے ایران کے ساتھ مذاکرات پر کہا کہ بات چیت مثبت سمت میں جاری ہے اور تقریباً دس دنوں میں اس کے نتائج سامنے آئیں گے، ایران کے جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاکہ خطے میں امن قائم رہے۔غزہ امن بورڈ کا اجلاس ڈونلڈ ٹرمپ انسٹیٹیوٹ آف پیس میں ہوا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت پاکستان کے نمائندے بھی شریک تھے۔ اجلاس میں پاکستان سمیت 47 ممالک نے شرکت کی، اسرائیل اور یورپی یونین کے نمائندے بھی موجود تھے۔