پاکستانی بلے بازصائم ایوب کا لندن میں ڈاکٹرز کی ٹیم نے آج معائنہ کیا ہے اور ان کے ٹیسٹ کی رپورٹ کل آئے گی۔ڈاکٹررپورٹ دیکھنے کے بعد فیصلہ کریں گے کہ علاج میں کتنا وقت لگے گا۔ انگلینڈ کے ماہر اسپورٹس آرتھو ڈاکٹرز ان کا چیک اپ کر رہے ہیں۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی خصوصی ہدایات پر کرکٹر صائم ایوب کو علاج کیلئےلندن بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ صائم ایوب اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کیپ ٹاون سے لندن پہنچے ہیں۔ پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمدفیصل قومی کرکٹر صائم ایوب کے علاج کے انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ دریں اثنا پاکستان ہائی کمیشن لندن کے فرسٹ سیگرٹری فہد سلیم نے کرکٹر زکا لندن ہیتھرو ایئرپورٹ پر استقبال کیا .
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ صائم ایوب پاکستان کرکٹ کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے علاج معالجے کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ صائم ایوب جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز فیلڈنگ کے دوران دائیں پاؤں کا ٹخنہ مڑ جانے کے باعث شدید انجری کا شکار اور 6 ہفتوں کیلئےکرکٹ سے دور ہو گئے ہیں۔
اس انجری کے بعد ان کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔صائم ایوب نے حال ہی میں زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔ بالخصوص پروٹیز کو ان کے ہی دیس میں پہلی بار ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کرنے میں نوجوان بلے بازکی بیک ٹو بیک سنچریوں کا اہم کردار ہے۔