پاکستانی عازمینِ حج کی آمد کا سلسلہ جاری،55 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ چکے

اسلام آباد / مکہ مکرمہ(نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں) ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2025 کیلئےپاکستانی عازمینِ حج کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اب تک 244 پروازوں کے ذریعے 55642 عازمینِ حج مکہ و مدینہ پہنچ چکے ہیں۔

مزید 19 پروازوں کے ذریعے 4558عازمینِ حج کی حجاز مقدس آمد متوقع ہے۔ترجمان کے مطابق حج پروازوں کا سلسلہ 31 مئی 2025 تک جاری رہے گا۔مشاعرِ مقدسہ میں سہولیات کی تیاری مکمل ہونے کے قریب منیٰ اور عرفات میں خیموں کی تنصیب اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی عروج پر ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کی ٹیمیں مسلسل جائزہ لے رہی ہیں تاکہ کسی قسم کی کمی نہ رہ جائے۔

عازمینِ حج کیلئے قیام و طعام کے مثالی انتظامات ہیں.عازمینِ حج کی مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں اعلیٰ معیار کے کھانوں سے تواضع کی جا رہی ہے۔مدینہ منورہ میں مرکزیہ (مسجدِ نبوی ﷺ کے نزدیک ترین علاقہ) میں 100 فیصد رہائش فراہم کی جا چکی ہے۔

مکہ مکرمہ میں پاکستانی سرکاری اسکیم کے تحت آنے والے حجاجِ کرام کو عزیزیہ، بطحا قریش اور نسیم کے علاقوں میں رہائش دی گئی ہے، جہاں بس سروس اور بنیادی سہولیات دستیاب ہیں۔

وفاقی وزیر مذہبی امور کا دورہ سعودی عرب متوقع ہےحج انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا دورہ سعودی عرب جلد متوقع ہے۔ وہ سعودی حکام سے ملاقاتوں میں مشاعرِ مقدسہ میں سہولیات اور پاکستانی حجاج کی فلاح و بہبود کے معاملات پر بات چیت کریں گے۔

وزارتِ مذہبی امور اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ ہر پاکستانی عازمِ حج کو سہولت، تحفظ اور عزت کے ساتھ حج کی ادائیگی کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں