گلگت / انٹارٹیکا(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کی معروف خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ایکسپلورر گرینڈ سلیم کی تکمیل کی جانب اہم قدم بڑھا لیا۔ گلگت سے تعلق رکھنے والی ثمینہ بیگ کامیابی کے ساتھ قطبِ جنوبی پہنچ گئیں اوروہاں پاکستان کا قومی پرچم اور اپنی کمیونٹی کا جھنڈا لہرایا۔
ذرائع کے مطابق ثمینہ بیگ نے یونین گلیشیئر سے ساؤتھ پول تک کا انتہائی دشوار اور چیلنجنگ سفر اسکیئنگ روٹ کے ذریعے طے کیا۔ اس حوالے سے ان کے بھائی اور معروف کوہ پیما مرزا علی نے بتایا کہ یہ مرحلہ نہایت سخت موسمی حالات اور جغرافیائی مشکلات کے باعث غیر معمولی مہارت اور حوصلے کا متقاضی تھا، جسے ثمینہ بیگ نے کامیابی سے مکمل کیا۔
ثمینہ بیگ کا کہنا ہے کہ ان کا حتمی ہدف ایکسپلورر گرینڈ سلیم مکمل کرنا ہے، جس کیلئےاب انہیں صرف قطبِ شمالی تک پہنچنا باقی ہے۔ واضح رہے کہ ایکسپلورر گرینڈ سلیم کی تکمیل کیلئے دنیا کی سات بلند ترین چوٹیوں (سیون سمٹس) کو سر کرنے کے ساتھ ساتھ قطبِ جنوبی اور قطبِ شمالی تک رسائی ضروری ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ ثمینہ بیگ اس سے قبل ساتوں براعظموں کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کر کے سیون سمٹس مکمل کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کوہ پیما بن چکی ہیں، جبکہ ان کی تازہ کامیابی نے ایک بار پھر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

