باسٹیئر( نمائندہ خصوصی)ہائی کمشنر آف پاکستان برائے کینیڈا محمد سلیم نےباسٹیئر میں سینٹ کٹس-نیوس چیمبر آف انڈسٹری اینڈ کامرس کے نائب صدر نکولس مینن سے ملاقات کی، جس میں باہمی اقتصادی و تجارتی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ہائی کمشنر نے پاکستان کی اہم برآمدی مصنوعات اور خدمات پر روشنی ڈالی اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدے پر مبنی اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور نجی شعبہ جاتی تعلقات قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خصوصاً اشیاء و خدمات کی تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں کاروباری روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کا ہائی کمیشن دونوں ممالک کے تجارتی اداروں، بالخصوص پاکستان کے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے ساتھ تعاون اور روابط کو آسان بنانے میں کردار ادا کرے گا۔
دونوں فریقین نے اس بات سے اتفاق کیا کہ پاکستان اور سینٹ کٹس و نیوس کی کاروباری برادریوں کے درمیان براہِ راست روابط کا قیام باہمی مفاد میں اہم قدم ہو گا۔

