پناہ گزینوں کا عالمی دن : 12 کروڑ افراد دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور

دنیا بھر میں آج (20 جون کو ) پناہ گزینوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔اقوام متحدہ کی عالمی ایجنسی برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) اس وقت دنیا کے 135 ممالک میں پناہ گزینوں کے تحفظ کے لیے اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تباہی، جان کے خوف اور اقلیتوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے سبب دنیا کی مجموعی آبادی کا 3.6 فیصد حصہ (281 ملین) اپنے آبائی گھروں سے باہر ہے، لیکن تنازعات اور جنگیں دنیا میں اب بھی جبری بے دخلی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔
ایجنسی کے مطابق اس وقت 12 کروڑ افراد زبردستی اپنے گھروں سے بےدخل کر دیئے گئے ہیں۔دوسری جانب اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ لوگ اپنی مرضی سے نہیں بلکہ حالات کے سبب ملک چھوڑتے ہیں۔ ان میں سے بہت سے لوگ عزت کے ساتھ اپنے گھروں کو واپس جانا چاہتے ہیں۔
یو این ایچ سی آر کے ہائی کمشنر فلیپو گرانڈی کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال دنیا کے 29 ممالک سے 43 ایمرجنسی کالز آئیں، کیونکہ اکثر حالات میں لوگ پلان بنا کر گھروں سے نہیں نکلتے بلکہ اچانک آنے والی تباہی کے سبب انہیں تن کے کپڑوں یا صرف ہاتھ میں اٹھا سکنے والی اشیا کے ساتھ اپنے گھروں سے نکلنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایجنسی کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ دنیا بھر میں 72 گھنٹوں کے اندر اندر انہیں ابتدائی تحفظ کی کچھ اشیاء ضروریہ پہنچائی جائیں۔اس وقت دنیا میں سوڈان، افغانستان، فلسطین، یوکرین اور کئی افریقی ممالک آبادیوں کی بے دخلی کے بڑے مراکز ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں