لاہور(ایجنسیاں)پنجاب بھر میں مذہبی جماعت کے پرتشدد احتجاج کے بعد کریک ڈاؤن جاری ہے، جہاں گرفتار کارکنوں کی تعداد 5 ہزار سے بڑھ کر 5100 تک پہنچ گئی ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق لاہور میں 624 اور فیصل آباد میں 145 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں فہرستوں اور ویڈیوز کی مدد سے جاری ہیں، جبکہ ملزمان کو اے، بی اور سی کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ادھر، لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے باغبانپورہ تھانے میں درج مقدمے میں گرفتار 11 ملزمان کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، جبکہ راولپنڈی کی عدالت نے 30 سے زائد کارکنوں کو شناخت پریڈ کے لیے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پولیس حکام نے کہا کہ جماعت کی ہڑتال کی کال ناکام ہوگئی ہے، مارکیٹیں اور بازار معمول کے مطابق کھلے ہیں، اور دکانیں زبردستی بند کرانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

