عید سے قبل تنخواہیں نہ دینے والے میڈیا مالکان کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ
پیکا کے خلاف جدوجہد تیز کی جائے گی، عید کے بعد کنونشن منعقد کیا جائے گا :نعیم حنیف صدر پی یوجے
سیاسی قائدین ، وزراء ، وکلاءاور انسانی حقوق کمیشن کو پیکا کے خاتمے کیلئے منظم کیا جائیگا:قمرالزمان جنرل سیکرٹری
آئی ٹی این ای کے نئے چیئرمین کی فوری تعیناتی کا مطالبہ
پی یوجے کی نئی ممبر شپ بھی کی جائے گی، یونٹ سازی کی جائے گی: ایگزیکٹو کونسل پی یوجے
الیکشن کمیٹی 2027 کی بھی منظوری دی گئی:حسنین الرحمن قریشی چیئرمین الیکشن کمیٹی نامزد
لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی نو منتخب ایگزیکٹو کونسل کا پہلا اجلاس صدر پی یوجے نعیم حنیف کی زیر صدارت لاہور پریس کلب میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صحافیوں کو درپیش معاشی مسائل, تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کے خلاف جدوجہد کرنے، میڈیا اداروں کے باہر احتجاج کرنے، وزیر اطلاعات اور حکومتی اکابرین سے ملاقاتیں کرنے جبکہ میڈیا مالکان سے بھی بات چیت کرنے ، خطوط لکھنے اور ملاقاتیں کرنے کی تجاویز کی منظوری دی گئی جبکہ پیکا ایکٹ کے خلاف ملک گیر تحریک کے تحت لاہور میں عید الفطر کے بعد بڑا احتجاجی کنونشن کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اس حوالے سے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی، اے این پی، جماعت اسلامی سمیت مزدور تنظیموں، انسانی حقوق کمیشن پاکستان اور وکلا تنظیموں کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کرنے اور انہیں پیکا کے خلاف ایک ترمیمی مسودہ قانون لانے پر آمادہ کرنے کے لئے جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اجلاس میں اتفاق رائے سے پی یوجے کی نئی ممبر شپ کرنے اور مختلف میڈیا اداروں میں پی یوجے کی یونٹ سازی کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پی یوجے کے الیکشن 2026 کے پر امن اور احسن انداز سے انعقاد پر الیکشن کمیٹی کے چیئرمین سعید اختر ، ممبران رفیق خان ، آصف سہیل ، شبیر مغل ، وسیم نیاز اور معاون الیکشن کمیٹی شہزاد فراموش کی خدمات کو سراہا گیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ ایگزیکٹو کونسل نے الیکشن کے بھرپور تعاون کرنے اور لاہور پریس کلب میں انعقاد پر صدر لاہور پریس کلب و سیکرٹری جنرل پی ایف یوجے ارشد انصاری ، جنرل سیکرٹری افضال طالب کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں ایجنڈے کے تحت پی یوجے کے الیکشن 2027 کے لئے الیکشن کمیٹی کی بھی منظوری دی گئی جس کا چیئرمین سینئر صحافی جناب حسنین الرحمن قریشی کو بنایا گیا ۔
پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ کئی بڑے میڈیا اداروں میں تنخواہیں تاخیر کا شکار ہیں جن میں نیو نیوز میڈیا گروپ، 365 نیوز ، سمیت کئی ادارے شامل ہیں۔ پی یوجے کے جنرل سکیرٹری قمرالزمان بھٹی نے کہا کہ اس معاملے پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری سے ملاقات کی جائے۔ اجلاس میں آئی ٹی این ای کے چیئرمین کی فوری تعیناتی کا بھی مطالبہ کیا گیا اور اس معاملے کو دوبارہ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے سامنے لانے اور ملاقات کرنے کی تجویز دی گئی۔
اجلاس صدر نعیم حنیف، نائب صدر شیر علی خالطی، جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی، جوائنٹ سیکرٹری خالد رشید، خزانچی جواد حسن گل، ممبران ایگزیکٹو کونسل نائلہ ندیم، یاسین مغل، ظہیر شہزاد، عمر حفیظ، طارق شفیع، فاروق شہزاد، صلاح الدین بٹ، اللہ رکھا بٹ، تقویم ملت اور جمال احمد نے شرکت کی۔

