میرپور (سپورٹس ڈیسک) 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلادیش قومی کرکٹ ٹیم نے پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، میزبان ٹیم نے 115 رنز کا ہدف 16ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔شیرِ بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، میرپور میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
بنگلادیش کی جانب سے تنزید حسن نے 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ نجم الحسین شنتو نے 27 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم جونیئر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف 37 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 6 چوکے شامل تھے، جبکہ اوپنرز صاحبزادہ فرحان 27 اور معاذ صداقت 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ڈیبیو کرنے والے شامل حسین 4، محمد رضوان 10 اور سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔حسین طلعت اور کپتان شاہین شاہ آفریدی 4،4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیبیو کرنے والے عبدالصمد اور فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
بنگلادیش کے ناہید رانا نے ون ڈے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 24 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن میراز نے 29 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کا بنگلادیش کیخلاف ون ڈے کرکٹ میں 114 رنز کم ترین اسکور ہے۔ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ اس وکٹ پر 270 سے 280 رنز اچھا ہدف ثابت ہوسکتا ہے۔
پاکستان کی جانب سے چار کھلاڑیوں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، عبدالصمد اور شامل حسین نے ون ڈے ڈیبیو کیا۔قومی ٹیم میں محمد رضوان، سلمان علی آغا، حسین طلعت، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونیئر اور ابرار احمد بھی ٹیم کا حصہ تھے۔

