ڈھاکہ(اسپورٹس ڈیسک) — قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹی 20 میچ میں شکست کے بعد شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم کی پچ کو “ناقابلِ قبول” قرار دیتے ہوئےتحفظات کا اظہار کیا ہے۔
پوسٹ میچ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ “یہ پچ نہ کسی ایک ٹیم کے حق میں تھی اور نہ ہی بین الاقوامی معیار پر پورا اترتی تھی۔ اگر آپ ایشیا کپ یا ورلڈ کپ کی تیاری کر رہے ہیں تو ایسی پچ ناقابلِ قبول ہے۔”
انہوں نے پاکستانی بیٹنگ لائن اپ پر بھی تنقید کی اور اعتراف کیا کہ کچھ فیصلے ناقابلِ معافی تھے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ “اس کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ میں اس معیار کی وکٹیں قابلِ قبول نہیں ہو سکتیں۔”
ہیڈ کوچ کے مطابق “ایسی صورتحال میں پہلے بیٹنگ کرنا ایک چیلنج ہوتا ہے، کیونکہ اندازہ لگانا مشکل ہوتا ہے کہ ہدف کیا ہونا چاہیے – 100، 130 یا 150 رنز؟ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم بہتر پرفارمنس نہ دکھائیں، ہمیں ہر حالت میں کارکردگی دکھانی ہوگی۔”
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ “ہم نے اچھا آغاز کیا، فخر زمان نے چند بڑے شاٹس کھیلے جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ پچ آسان ہے، لیکن پھر جیسے ہی گیند ٹرن ہونے اور غیر متوقع باؤنس لینے لگی، بیٹرز الجھن میں پڑ گئے۔ ہم نے خطرناک شاٹس کھیلنے جاری رکھے اور خود کو مشکل میں ڈال لیا۔”
مائیک ہیسن نے کہا کہ ان کا کام بنگلہ دیش کو ہدایات دینا نہیں، لیکن اگر کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے تو اچھی وکٹوں کا ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ “بی پی ایل میں اکثر اچھی وکٹیں بنائی جاتی ہیں لیکن انٹرنیشنل میچز میں یہی معیار نظر نہیں آتا، جو افسوسناک ہے۔”
واضح رہے کہ پہلے ٹی 20 میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

