لندن (نمائندہ خصوصی) — لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) اس ماہ برطانیہ کیلئےاپنی پروازوں کا دوبارہ آغاز کرے گی۔
ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔فارن ایئرکرافٹ آپریٹنگ پرمٹ (FOP) جاری ہونے کے بعد برطانیہ اور پاکستان کے درمیان کمرشل پروازوں کے آغاز کیلئے آخری رکاوٹ دور ہو گئی۔پہلے مرحلے میں مانچسٹر کیلئے پروازیں بحال ہونگی، جس کے بعد برمنگھم اور لندن کو بھی شامل کیا جائیگا۔

پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کو پہلے ہی برطانیہ میں پروازوں کے لیے تھرڈ کنٹری آپریٹر (TCO) کی منظوری حاصل ہے۔ اعلان میں کوئی حتمی تاریخ تو نہیں دی گئی تاہم برطانیہ کے لیے پروازیں رواں ماہ بحال ہوں گی۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایوی ایشن سیکیورٹی کا معائنہ مکمل کیا اور پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات کو عالمی معیار کے مطابق اور اطمینان بخش قرار دیا۔یاد رہے کہ جولائی میں برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا تھا، جس کے بعد پاکستانی ایئر لائنز کو برطانیہ میں پروازوں کیلئے درخواست دینے کی اجازت ملی۔
تاریخی پس منظر کے مطابق، جون 2020 میں پی آئی اے پر یورپی یونین، برطانیہ اور امریکا کے لیے پروازوں پر پابندی عائد کی گئی تھی، جب اس کا ایئربس اے-320 طیارہ کراچی کے ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں تقریباً 100 افراد جاں بحق ہوئے۔ اس کے بعد اُس وقت کے وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے 262 پائلٹس کے لائسنسز کو مشکوک قرار دیا تھا۔ یورپ میں پروازوں پر عائد پابندی نومبر 2024 میں ختم کر دی گئی تھی۔
پاکستان ہائی کمیشن نے برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ہوا بازی کے شعبے میں تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

