پی آئی اے کا 5 سال بعد برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن آج بحال ہوجائیگا

اسلام آباد،(نمائندہ خصوصی)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا 5 سال بعد برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن آج سے بحال ہو رہا ہے۔ پی آئی اے کی پہلی پرواز آج اسلام آباد سے 350 مسافروں کو لے کر مانچسٹر روانہ ہوگی۔

پہلی پرواز کی روانگی سے قبل ہی برطانیہ کیلئے تین ماہ کی ایڈوانس بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔اس موقع پر اسلام آباد اور مانچسٹر ایئرپورٹس پر افتتاحی تقاریب منعقد ہوں گی جن میں وفاقی وزیرِ ہوا بازی خواجہ آصف، یورپی یونین اور برطانیہ کے سفیر، اور دیگر اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پہلے مرحلے میں اسلام آباد سے مانچسٹر کیلئے دو پروازیں ہفتہ وار چلائی جائیں گی، جب کہ دوسرے مرحلے میں لاہور اور کراچی سے بھی برطانیہ کیلئےپروازوں کا آغاز کیا جائیگا۔

واضح رہے کہ پی آئی اے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر اپنی “تاریخی واپسی” کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا”انتظار ختم ہوا! پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز فخر کے ساتھ مانچسٹر اور اسلام آباد کو دوبارہ جوڑ رہی ہے، پیاروں کو ایک دوسرے کے قریب لا رہی ہے۔”

یاد رہے کہ 22 مئی 2020 کو کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں پی آئی اے کے ایئربس A320 کے حادثے کے بعد قومی ایئرلائن پر یورپی یونین، برطانیہ اور امریکا کیلئےپروازوں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

یہ پابندی اُس وقت کے وزیرِ ہوا بازی غلام سرور خان کے اس انکشاف کے بعد لگائی گئی تھی کہ 262 پائلٹس کے لائسنس مشکوک ہیں۔نومبر 2024 میں یورپی یونین نے پی آئی اے پر عائد پابندی ختم کر دی تھی، جس کے بعد جولائی 2025 میں برطانیہ نے پاکستان کو اپنی “ایئر سیفٹی لسٹ” سے خارج کر دیا۔

برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایوی ایشن سیکیورٹی معائنے کے بعد پاکستان کے حفاظتی انتظامات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اور تسلی بخش قرار دیا تھا، جس کے نتیجے میں برطانیہ کیلئےفلائٹس بحال کرنے کی اجازت دی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں