پی آئی اے کا ایک اور فضائی میزبان شہباز الرحمٰن کینیڈا میں “غائب”ہوگیا

ٹورنٹو(اشرف خان لودھی سے)پی آئی اے کے ایک فضائی میزبان شہباز الرحمٰن کینیڈا میں قیام کے دوران پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق اُن پر بیرونِ ملک پرواز پر جانے کی پہلے سے پابندی عائد تھی۔قومی ایئرلائن پی آئی اے کے عملے میں شامل ایک اور فضائی میزبان، شہباز الرحمٰن، کینیڈا میں پرواز کے بعد غائب ہو گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ روز بروز منگل ہوٹل سے لاپتہ ہوئے اور تاحال ان کا کوئی سراغ نہیں ملا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شہباز الرحمٰن نے پی آئی اے کو 50لاکھ روپے کاگارنٹی بانڈدے رکھاتھا.

ذرائع نے بتایا کہ شہباز الرحمٰن اُن میزبانوں میں شامل تھے جن پر کینیڈا یا دیگر مغربی ممالک کی پروازوں پر جانے کی ماضی میں پابندی عائد کی گئی تھی۔ اس کے باوجود وہ کسی طرح اس پرواز میں شامل ہو گئے۔

پی آئی اے کے عملے کے بعض ارکان کے مطابق فضائی میزبان کی گمشدگی سے ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے اور کینیڈین حکام کی جانب سے مزید سخت اقدامات کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔تاحال پی آئی اے یا کسی حکومتی ادارے کی جانب سے اس واقعے پر باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں