پی آئی اے کو برطانیہ میں پروازوں کی اجازت، اکتوبر سے آپریشن بحال ہوگا

اسلام آباد،لندن(نامہ نگار، رائٹرز، گلف نیوز) — پانچ سال بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کو برطانیہ میں پروازوں کی اجازت مل گئی ہے اور اکتوبر 2025 سے براہِ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی حکام نے پی آئی اے کو تھرڈ کنٹری آپریٹر (TCO) لائسنس جاری کیا ہے جس کے تحت غیر یورپی ایئرلائنز کو برطانیہ میں پروازیں چلانے کی اجازت ملتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پی آئی اے کو پانچ سال کیلئے ACC3 سرٹیفیکیشن بھی دیا گیا ہے جو کارگو اور سکیورٹی آپریشنز کیلئےضروری ہے۔

ابتدائی مرحلے میں پی آئی اے کی پروازیں مانچسٹر کیلئےشروع ہوں گی، جبکہ بعد ازاں لندن اور برمنگھم کیلئےبھی توسیع کی جائیگی۔

یاد رہے کہ 2020 میں پائلٹ لائسنس اسکینڈل اور حفاظتی خدشات کے بعد یورپ اور برطانیہ نے پی آئی اے پر پابندی عائد کر دی تھی جس کے باعث ہزاروں پاکستانی مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں دوبارہ پروازوں کی اجازت ایک بڑی کامیابی ہے، جو نہ صرف مسافروں کیلئےسہولت فراہم کرے گی بلکہ قومی ایئرلائن کی ساکھ کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کریگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں