پی آئی اے کی سعودی عرب جانے والے مسافروں کوخصوصی ہدایات

کراچی: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے سعودی عرب جانے والے مسافروں کیلئے خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔پی آئی اے کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ سعودی عرب جانے والے مسافروں کیلئےپولیو ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی جو سفر سے کم از کم 4 ہفتے قبل لگوانا لازمی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پولیو ویکسینیشن 6 ماہ سے زیادہ پرانی نہیں ہونی چاہیے، عمرہ ویزہ، سیاحتی ویزہ پر یا اقامہ پر جانے والے مسافروں کیلئے بھی ویکسین لازمی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب کے کسی بھی ایئرپورٹ پر 12 گھنٹے سے کم کا ٹرانزٹ کرنے والوں کیلئے ویکسین لازمی نہیں۔

ویکسینیشن سرٹیفیکٹ پر سرکاری یا نجی اسپتال کی مہر لگوانا لازمی ہے جبکہ بغیر سرٹیفکیٹ کے سعودی عرب کی جانب سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

10 فروری 2025 کو سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کی جانب سے وزارت مذہبی امور کو مراسلہ ارسال کیا گیا تھا جس کے مطابق پاکستان سے آنے والے مسافر روانگی سے کم از کم 4 ہفتے قبل پولیو کی ویکسین لگوائیں۔

مراسلے میں مزید کہا گیا تھا کہ عمرہ زائرین پولیو سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوائیں، سعودی عرب کیلئےروانہ ہونے سے ایک مہینے قبل ویکسین لی جائے۔خیال رہے کہ پاکستانی عمرہ زائرین کو پولیو ویکسین سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر آف لوڈ کر دیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ لاہور ایئرپورٹ پر متعدد مسافروں کو بورڈنگ کارڈ جاری نہیں ہوئے اور پولیوویکسین سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر ان کو آف لوڈ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں