پی آئی اے کی کراچی تا ٹورنٹو پرواز تاخیر کا شکار، ٹورنٹو تا لاہور واپسی شیڈول بھی متاثر

کراچی/ٹورنٹو (اشرف خان لودھی سے)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA) کی بین الاقوامی پرواز PK-783 جو 21 اکتوبر کو کراچی سے ٹورنٹو کیلئے روانہ ہونا تھی فنی وجوہات کے باعث شیڈول کے مطابق اڑان نہ بھر سکی۔مذکورہ فلائٹ صبح 8 بج کر 25 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے روانہ ہونا تھی اور ٹورنٹو پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ (YYZ) پر مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے پہنچنا تھا۔

ذرائع کے مطابق، پرواز کی روانگی سے قبل معمول کی تکنیکی جانچ کے دوران ایک فنی خرابی کی نشاندہی ہوئی، جسے دور کرنے میں توقع سے زیادہ وقت لگا۔نتیجتاً پرواز کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی اور کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کو اضافی انتظار کرنا پڑا۔

اسی طیارے نے واپسی پرواز PK-790 کے طور پر ٹورنٹو سے لاہور کیلئےروانہ ہونا تھا، جس کی روانگی کا وقت 21 اکتوبر کو شام 5 بجے (مقامی وقت) اور لاہور آمد کا وقت 22 اکتوبر کو سہ پہر 3 بج کر 45 منٹ مقرر تھا۔

کراچی سے تاخیر کے سبب ٹورنٹو سے لاہور کی روانگی بھی متاثر ہوئی اور نیا شیڈول جاری کیا گیا تاکہ تمام مسافروں کو بروقت اطلاع دی جا سکے۔ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے مطابق”پرواز میں تاخیر کی وجہ مکمل فنی جانچ کا عمل تھا، جو مسافروں کی حفاظت کیلئے ضروری سمجھا گیا۔ ایئرلائن نے تمام متاثرہ مسافروں کو ای میل، ایس ایم ایس اور ایئرپورٹ اعلانات کے ذریعے آگاہ کیا۔”

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کی بین الاقوامی پروازوں کیلئے استعمال ہونے والے بوئنگ 777 طیارے ہر پرواز سے قبل مکمل تکنیکی معائنہ سے گزرتے ہیں اور کسی بھی فنی خرابی کی صورت میں کارروائی کی جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق اکتوبر کے دوران پی آئی اے کی کئی بین الاقوامی پروازیں معمولی تاخیر کا شکار رہیں، تاہم ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق یہ تاخیر مسافروں کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے تھیں۔علاوہ ازیں، کراچی اور لاہور سے ٹورنٹو روٹ پر متبادل انتظامات اور شیڈول ایڈجسٹمنٹ پر بھی غور جاری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں