اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی انتظامیہ اور ایئر کرافٹ انجینئرز کے درمیان جاری تنازع کے باعث پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہو گیا۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق آج شام 5 بجے تک قومی ایئر لائن کی 9 پروازیں منسوخ اور 18 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق یہ تنازع اپنے چھٹے روز میں داخل ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں ملکی و بین الاقوامی پروازوں کا معمول شدید متاثر ہوا ہے۔ایئر کرافٹ انجینئرز کے ذرائع نے بتایا کہ منسوخی اور تاخیر کی بنیادی وجوہات طیاروں میں فنی خرابیاں اور ضروری پرزہ جات کی عدم فراہمی ہیں۔
آج ابوظہبی سے پشاور، دبئی سے کراچی، فیصل آباد سے دبئی، دبئی سے فیصل آباد اور پشاور سے دبئی کی پروازیں مکمل طور پر منسوخ کر دی گئیں۔اسی طرح گلگت-اسلام آباد، اسلام آباد-گلگت، اسکردو-اسلام آباد اور اسلام آباد-اسکردو کی اندرونِ ملک پروازیں بھی منسوخ رہیں۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے العین جانے والی پرواز پی کے 143 تقریباً 10 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی، جب کہ مجموعی طور پر 18 پروازیں 3 سے 10 گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ادھر مسافروں کو طویل انتظار اور بکنگ میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ایئر لائن انتظامیہ نے کہا ہے کہ مسافروں کی سہولت کے لیے متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں، اور کوشش ہے کہ آپریشن جلد معمول پر لایا جائے۔

