پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی

ملتان(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 13ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف اندریس گوس کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت 3 وکٹ کے نقصان پر 17 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔

اس سے قبل میچ کا ٹاس ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے یاسر خان اور محمد رضوان نے آج بھی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، یاسر خان 29 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

کپتان محمد رضوان نے 36 رنز بنائے جب کہ عثمان خان نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی نصف سینچری مکمل کی ، وہ 4 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 61 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مائیکل بریسویل 9، افتخار احمد 10 رنز بناسکے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان، محمد نواز، جیسن ہولڈر ، ریلے میریدتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔اسلام آباد کے ان فارم اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان نے آج بھی ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا وہ 13 گیندوں پر 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

تاہم، تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کولن منرو نے ایندریس گوس کے ساتھ ملکر 81 رنز کی اہم شراکت قائم کی، کولن منرو 28 گیندوں پر 45 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

پی ایس ایل میں اپنی پہلی نصف سینچری بنانے والے ایندریس گوس 80 رنز پر ناقابل شکست رہے اور انہوں نے ہی وننگ شارٹ کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

ایندریس گوس نے 45 گیندوں پر 80 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ملتان سلطانز کی جانب سے کرس جورڈن، عبید شاہ، مائیکل بریسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں