پی ایس ایل 10: کراچی کنگز کی شاندار فتح، پشاور زلمی کو 23 رنز سے شکست

راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 27ویں میچ میں کراچی کنگز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو 23 رنز سے شکست دے دی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں شائقین کرکٹ کو بھرپور تفریح میسر آئی۔

ٹاس جیت کر پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اگرچہ اوپنر بین میک ڈرموٹ صفر پر آؤٹ ہوگئے، مگر ڈیوڈ وارنر اور جیمز ونس کی 162 رنز کی شراکت نے میچ کا رخ موڑ دیا۔ وارنر نے 50 گیندوں پر 86 رنز بنائے، جبکہ ونس نے 42 گیندوں پر 72 رنز اسکور کیے۔ آخر میں خوشدل شاہ نے 15 گیندوں پر 43 اور محمد نبی نے 10 گیندوں پر 26 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 237 رنز تک پہنچایا۔

ہدف کے تعاقب میں زلمی کی شروعات سست رہی۔ محمد حارث جلد آؤٹ ہوئے، تاہم بابر اعظم اور صائم ایوب نے 98 رنز کی شراکت قائم کی۔ بابر اعظم نے 94 رنز کی شان دار اننگز کھیلی، مگر دیگر بیٹرز ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن نہ رکھ سکے۔ مقررہ 20 اوورز میں زلمی صرف 214 رنز ہی بنا سکی۔

کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے 2، جبکہ حسن علی اور میر حمزہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ زلمی کے لیے لک ووڈ 2 وکٹوں کے ساتھ کامیاب رہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث پی ایس ایل کو کچھ عرصہ قبل ملتوی کیا گیا تھا، تاہم سیکیورٹی اور سفارتی صورتحال میں بہتری کے بعد پی سی بی نے لیگ کے بقیہ میچز کے شیڈول کا اعلان کیا۔ راولپنڈی میں لیگ کے آخری 4 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ پلے آف مرحلہ اور فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوں گے۔

دوسری جانب، بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے شہر دھرم شالہ میں روشنی بند ہونے کے واقعے کے بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) بھی معطل کر دی گئی تھی۔ اگرچہ 17 مئی کو دوبارہ آغاز کیا گیا، تاہم کئی غیر ملکی کھلاڑیوں نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بھارت واپس آنے سے انکار کر دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں