پی ایس ایل کی دو نئی فرنچائز کیلئے دس پارٹیاں اہل دو نا اہل قرار

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو نئی ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹیمیں بیچنے کیلئے ٹیکنیکل ایویلیوایشن مکمل کرلی۔ پی سی بی ماہرین کی ٹیم نے دو نئی فرنچائزز کے لیے دی گئی بولیوں کا تکنیکی جائزہ مکمل کرنے کے بعد لائن اپ کو حتمی شکل دیدی۔

پی ایس ایل فرنچائز کیلئے پی سی بی کو دنیا بھر سے دو نئی ٹیموں کے لیے 12 بولیاں موصول ہوئی تھیں۔ پی سی بی کی بولی کمیٹی نے جانچ پڑتال کے بعد 10 کو اہل قرار دینے کے بعد حتمی بولی کیلئے مدعو کرلیا۔ تکنیکی معیار پر پورا اترنے والی 10 پارٹیوں نیلامی کے مرحلے میں شامل ہوں گی۔

دو نئی ٹیموں کی نیلامی 8 جنوری 2026 کوجناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہو گی جہاں کامیاب پارٹیاں راولپنڈی، حیدر آباد، فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ میں سے نام منتخب کر سکیں گی۔ پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے اہل بولی دہندگان کو مبارکباد دیتے ہوۓ کہا کہ پی ایس ایل میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی خوش آئند ہے، ایچ بی ایل پی ایس ایل کی توسیع ایک اہم سنگ میل کی جانب بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا ٹیموں کی نیلامی کے بارے میں مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔