پی ایف یو جے کی کال پر لاہور پریس کلب میں یوم سیاہ

لاہور (بیورو رپورٹ ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل اور صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے پیکا کے کالے قانون کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ قانون بنا کر حکمرانوں نے اپنے لئے گڑھا کھودا ہے اور آنے والے دنوں میں یہ خود اس گڑھے میں گریں گے۔

پی ایف یوجے کی کال پر پیکا کے خلاف اور آزاد کشمیر میں روزنامہ جموں وکشمیر پر مقدمات کے اندراج کے خلاف یوم سیاہ کی کال پر پی یو جے کے زیرا ہتمام لاہور پریس کلب میں سیاہ پرچم لہرانے کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر نعیم حنیف ،جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی اور سیکرٹری لاہور پریس کلب زاہد عابد نے بھی خطاب کیا اور پیکا ایکٹ کے فوری خاتمہ کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے پیکا کے قانون کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ ارشد انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم سیاہ کا مقصد پیکا گردی کے خلاف صحافیوں اور شہریوں کو منظم کر کے پیکا کے قانون کا خاتمہ کرنا ہے، اب اس قانون کے تحت شہریوں کے ساتھ ساتھ صحافتی اداروں پر بھی حملے کئے جارہے ہیں، آزاد کشمیر میں روزنامہ جموں و کشمیر کے خلاف مقدمات کا اندارج کیا گیا جس کے خلاف یوم سیاہ کے تحت ملک گیر سطح پر پریس کلبز میں سیاہ پرچم لہرائے گئے ہیں۔

انھوں نے کہا اب اسلام آباد سے قافلے آزاد کشمیر مظفر آباد میں احتجاج کے لئے نکل پڑے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس کالے قانون کے خاتمے کے لئے قانونی جنگ کے ساتھ ساتھ اب جیل بھرو تحریک بھی لڑیں گے۔ صدر پی یوجے نعیم حنیف نے کہا کہ پیکا کے خلاف تمام صحافی اور صحافتی تنظیمیں جوائنٹ ایکشن کے تحت متحد ہیں اور ہم اس قانون کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

جنرل سیکرٹری پی یو جے قمرالزمان بھٹی نے کہا کہ اب پیکا کے تحت شہری آزادیوں کو کچلا جا رہا ہے، لوگوں کے معمولی نوعیت کے گھریلو تنازعات پر بھی پولیس کی طرف سے پیکا کی شق کا استعمال معمول بن گیا ہے، یہ پولیس گردی کی بدترین شکل ہے۔ سیکرٹری لاہور پریس کلب زاہد عابد نے کہا کہ فیک نیوز کے خاتمے کی آڑ میں حکومت نے اپنے اوپر تنقید کے راستے بند کردئیے ہیں .

اب پولیس سمیت دیگر ادارے بھی اس قانون کے پیچھے چھپ کر عوام کو دبانے کیلئےپیکا کا ٹیکا لگا رہے ہیں اور یہ ٹیکا ہر مزاحمتی اور مزاحمتی تحریک کے خلاف استعمال ہو رہا ہے۔ احتجاجی مظاہرے میں پی ایف یوجے کے ممبر ایف ای سی مخدوم بلال عامر ، خزانچی لاہور پریس کلب سالک نواز ، ممبر گورننگ باڈی رانا شہزاد ، سابق فنانس سیکرٹری پی ایف یو جے ذوالفقار علی مہتو ، سابق نائب صدر پی یو جے محمد بابر، سینئر فوٹو جرنلسٹ اعجاز لاہوری ، شیر علی خالطی ،صداقت مغل ، ارشد چودھری،امجد علی برکت، انیس الرحمن گل ظہیر شہزاد ، رفیق خان ، مبشر حسن، مدثر خان ، محمد علی، جمال احمد ، ریاض بھٹی، افضل ایوبی، عطیہ زیدی ،مصباح چودھری ، طارق محمود ، فرزانہ چودھری ، شمائلہ اقبال ، رانا زاہد ، آصف محمود فراز, طارق چودھری، عمران چودھری ، فیصل گیلانی حارث مرغوب ، شہزاد ملک ، شہزاد فراموش ،سعید اختر اورسجاد ملک سمیت صحافیوں کی کثیر تعداد شریک  ہوئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں