لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لاہور کی قیادت نے 24 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے نئی حکمت عملی طے کر لی۔ پی ٹی آئی اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند ہونے پر نئی پلاننگ شروع کر دی، احتجاج میں اب کیسے شرکت ہوگی اس کا فیصلہ آج شام اجلاس میں ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے لاہور سے اسلام آباد جانےکیلئے10 سے 12 ہزار کارکنان کا ٹارگٹ رکھا ہے، ٹرانسپورٹ کے حوالے سے سب سے زیادہ مسائل سامنے آئے ہیں۔مزید بتایا گیا کہ راستے بند ہونے پر اب نئی حکمت عملی آج شام فائنل ہوگی، لاہور کے قافلے ایک جگہ پر جمع کرنے کیلئے پوائنٹ فائنل ہونا تھا، پی ٹی آئی لاہور کی میٹنگ میں مختلف رائے سامنے آئی فیصلہ آج ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما امتیاز شیخ نے کہا کہ اسلام آباد جانےکیلئےتیاریاں مکمل ہیں، ہر صورت پہنچیں گے۔دوسری جانب، نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی جانب سے پی ٹی آئی کے احتجاج پر حملے کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا۔
نیکٹا نے صوبائی حکومتوں کو سکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج پی ٹی آئی کے 24 نومبر احتجاج میں دہشت گردی کر سکتی ہے۔الرٹ میں کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی اطلاعات ہیں، دہشتگرد بڑے شہروں میں دہشتگردی کی کارروائیاں کر سکتے ہیں۔