اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والے 5 اراکین قومی اسمبلی کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پارٹی سے نکال دیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے پارٹی سے منحرف اراکین ظہور قریشی، اورنگزیب کھچی، مبارک زیب خان، الیاس چوہدری اور عثمان علی کو پارٹی رکنیت سے فارغ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے اپنے 5 اراکین قومی اسمبلی کو 26ویں آئینی ترمیم کے حق میں حکومتی اتحاد کو ووٹ دینے پر پارٹی سے خارج کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ اراکین نے پارٹی پالیسی اور ڈسپلن کی صریح خلاف ورزی کی ہے۔
پارٹی سے نکالے جانے والے اراکین میں ظہور قریشی، اورنگزیب کھچی، مبارک زیب خان، الیاس چوہدری اور عثمان علی شامل ہیں۔ ان میں سے چار اراکین، بشمول ظہور قریشی، اورنگزیب کھچی، عثمان علی اور مبارک زیب، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کے طور پر قومی اسمبلی میں موجود تھے۔
پی ٹی آئی نے اعلان کیا ہے کہ ان اراکین کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ پارٹی کے مطابق 26ویں آئینی ترمیم پر حکومتی موقف کی حمایت کرنا پارٹی مؤقف کے منافی تھا، اور یہ اقدام پارٹی نظم و ضبط کے تحت ناقابل قبول ہے۔

