میانوالی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے میانوالی میں احتجاج کے پیش نظر ضلع بھر کو کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا اور موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔
تحریک انصاف نےمیانوالی میں آج احتجاج کااعلان کیا، جس کے بعد انتظامیہ نے سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے میانوالی میں سات دن کیلئے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی،جبکہ فیصل آباد،ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولپورمیں دو دن کیلئے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے۔
میانوالی کے داخلی راستے کنٹینرزلگاکر بند کردیا گیا ہے جبکہ موبائل سروس رات 12بجےسے غیر معینہ مدت کیلئے معطل ہے اور پی ٹی آئی کے متعدد مقامی رہنماؤں کوبھی حراست میں لیا گیا ہے۔
میانوالی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور رینجرز کی دو کمپنیاں بھی تعینات ہیں جبکہ شہر کے تمام پرائیویٹ و سرکاری اسکولوں بند ہے۔چشمہ بیراج،جناح بیراج ،درہ تنگ، موسیٰ خیل،قدرت آباد،ہرنولی کے مقام پر خیبرپختونخوا اور دیگر اضلاع سے آنے والی ٹریفک کیلئے راستوں کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ موٹروےایم فورٹوبہ ٹیک سنگھ انٹر چینج سےبند کر کے پولیس کو تعینات کیا گیا ہے، راستے بند ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
دوسری جانب فیصل آباد میں پی ٹی آئی کی طرف سے مقدمات اور گرفتاریوں کے خلاف چوک گھنٹہ گھر میں آج احتجاج کا اعلان کیا ہے ، جس کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران شر پسندی کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی تجویز پر فیصل آباد ، چنیوٹ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں دو اور تین اکتوبر کو دفعہ 144 نافذ کر کے ہر قسم کے سیاسی جلسوں ، اجتماعات ، جلوسوں اور ریلیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
پولیس نے چاروں اضلاع میں ایم فور موٹروے کے تمام انٹرچینجز کے باہر رکاوٹیں کھڑی کر کے موٹروے پر داخلہ بند کر دیا ہے جبکہ مختلف مقامات پر بیریئرز نصب کر کے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔
احتجاج روکنے کے لئے فیصل آباد سے دو ارکان پنجاب اسمبلی حسن نیازی اور اسماعیل سیلا ، چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کے بھائی محسن رضا ، ایم این اے عمر فاروق کے بھائی مبشر شہزاد اور مرکزی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی مینارٹی ونگ حبقوق گل سمیت ایک سو سے زائد عہدیدار اور کارکن گرفتار کر لئے گئے ۔
ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پی ٹی آئی کے 32 سرگرم کارکنوں کو پانچ اکتوبر تک نظر بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جبکہ جھنگ میں تین عہدیداروں اور چنیوٹ میں قومی اسمبلی کے امیدوار مہر خالد کو حراست میں لیا گیا ہے۔