پیرس/میونخ(سپورٹس ڈیسک) فرانس کے معروف فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے یورپی چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ جرمن شہر میونخ میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پی ایس جی نے اطالوی کلب انٹر میلان کو یکطرفہ مقابلے میں 0-5 سے شکست دے دی۔
تاریخی فتح میں پی ایس جی کے اسٹرائیکر ڈیزائر ڈوئے نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 2 گول کیے اور ایک اسسٹ کے ذریعے ٹیم کو برتری دلائی۔ دیگر گولز اشرف حکیمی، خویچا کوارٹسخیلیا اور سینی مایولو نے اسکور کیے۔
جشن میں بدامنی، 500 سے زائد گرفتاریاں
فتح کے فوراً بعد پیرس سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مداحوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، تاہم یہ جشن جلد ہی پرتشدد ہنگاموں میں تبدیل ہو گیا۔ فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق ملک بھر سے 559 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے 491 گرفتاریاں صرف پیرس میں ہوئیں۔
ہنگامہ آرائی کے دوران پیرس میں اسکوٹر پر سوار ایک خاتون کار کی ٹکر سے ہلاک ہو گئی جبکہ جنوب مغربی قصبے ڈیکس میں ایک 17 سالہ نوجوان چاقو کے وار سے جاں بحق ہو گیا۔
سڑکوں پر شعلے، پولیس کا واٹر کینن کا استعمال
پیرس کی مشہور شانزے لیزے ایونیو اور پارک دے پرانس اسٹیڈیم کے اطراف جھڑپوں کے دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئےواٹر کینن کا استعمال کیا۔ متعدد ویڈیوز میں شہر کی سڑکوں پر گاڑیوں کو جلتا دھواں اٹھتا اور پولیس پر اشیاء پھینکنے والے مظاہرین کو دکھایا گیا ہے۔
پیرس پولیس کے مطابق زیادہ تر گرفتاریاں آتش بازی رکھنے، عوامی نظم و ضبط میں خلل ڈالنے اور شرپسندی کے الزامات پر کی گئیں۔
دیگر شہروں میں بھی بدنظمی
پیرس کے علاوہ گرینوبل میں بھی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں جشن مناتے ہوئے افراد پر ایک کار چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ بظاہر حادثاتی تھا اور ڈرائیور نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
صدر میکرون کی مبارکباد، ٹیم کو ایوان صدر میں مدعو کر لیا گیا
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے پی ایس جی کی جیت کو ’’تاریخی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا”شاباش، ہم سب فخر محسوس کر رہے ہیں، آج رات پیرس یورپ کا دارالحکومت ہے۔”
صدر نے فاتح ٹیم کو ایوان صدر (الیزے پیلس) میں مدعو کیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو باقاعدہ مبارکباد دی جا سکے۔ پیرس کی میئر این ہیڈالگو نے بھی اس جیت کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔پیرس سینٹ جرمین کی ٹیم آج شانزے لیزے میں ایک فتح کا جلوس نکالے گی جس میں ہزار وں شائقین کی شرکت متوقع ہے۔

