پیرس فیشن ویک میں ایمان آئسی کی خوبصورت اور رنگا رنگ کولیکشن نے دھوم مچا دی

پیرس(ایاز محمودسے)کیمرون نژاد فرانسیسی فیشن ڈیزائنر ایمان آئسی نے پیرس فیشن ویک میں اپنے منفرد اور دلکش ملبوسات سے حاضرین کو سحر میں جکڑ لیا۔ وہ پیرس فیشن ویک میں شامل ہونے والے پہلے افریقی ڈیزائنر بن گئے۔

فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مرکزی علاقے میں ایک شاندار فیشن شو کا انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام کیمرون نژاد فرانسیسی فیشن ڈیزائنر ایمان آئسی نے کیا۔ فیشن شو میں ایمان آئسی نے اپنی نئی کولیکشن پیش کی جس میں شوخ اور ہلکے رنگوں سے تیار کردہ بیش قیمت، خوبصورت اور منفرد ڈیزائنوں کو متعارف کرایا گیا۔

خوبصورت اور نازک اندام ماڈلز نے جب ایمان آئسی کے ملبوسات پہن کر ریمپ پر کیٹ واک کی تو حاضرین کی نگاہیں ان پر جم گئیں۔ ملبوسات کی جدت، رنگوں کی ہم آہنگی اور ڈیزائن کی انفرادیت نے شرکاء کو بے حد متاثر کیا۔ ایمان آئسی نے افریقی اور یورپی فیشن کلچر کو فطرت کی خوبصورتی کے ساتھ اس انداز سے یکجا کیا کہ دیکھنے والے داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔

اس یادگار فیشن شو میں کیمرون اور دیگر ممالک کے سفارتکاروں، فیشن، فلم اور ٹی وی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی اور ایمان آئسی کی تخلیقی صلاحیتوں کو بھرپور سراہا۔ فیشن ویک میں ایمان آئسی کی شرکت نہ صرف ان کی انفرادی کامیابی ہے بلکہ افریقی فیشن انڈسٹری کیلئے بھی تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں