حیدرآباد(نامہ نگار)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی نے جو تباہی پھیلائی ہے وہ اب عوام کے سامنے لائی جائے گی۔ حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ ایم کیو ایم نے سندھ بچاؤ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ اب بہت ہو گیا ہے، سندھ کے شہروں اور دیہات میں بنیادی سہولتیں ناپید ہیں، اس لیے حیدرآباد سے پورے صوبے میں سندھ بچاؤ مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ این ایف سی ایوارڈ سے ملنے والے فنڈز کہاں خرچ ہوئے، کسی کو معلوم نہیں، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سندھ کا دارالحکومت دبئی میں ہے جہاں سارا پیسہ لگا ہوا ہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ 27ویں ترمیم میں ایم کیو ایم کے تقریباً تمام مطالبات منظور ہو گئے تھے لیکن پیپلز پارٹی نے اس میں نقب لگائی، حکومت سندھ نہیں چاہتی کہ صوبے میں ایک مضبوط بلدیاتی نظام قائم ہو۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے سانحۂ گل پلازا کی تحقیقات کیلئےآزاد جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر گل پلازا غیر قانونی تھا تو وہ تفتیش کیلئےحاضر ہیں، تینوں میئرز نے قانون کے دائرے میں کام کیا، ریکوری آپریشن کے دوران دو ٹرکوں کا غائب ہوناتشویش ناک ہے۔

