چکوال کے قریب مسافر بس کھائی میں جاگری، 5 افراد جاں بحق، 24 زخمی

چکوال/تلہ گنگ(بیورورپورٹ) ریسکیو 1122، پولیس ذرائع کے مطابق چکوال کے علاقے تلہ گنگ کے قریب مسافر بس کھائی میں گرنے سے بس ڈرائیور سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ 24 زخمی ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق بس راولپنڈی سے بہاولپور جا رہی تھی، موٹروے دھند کے باعث بند ہونے پر ڈرائیور نے تلہ گنگ فتح جنگ روڈ کا متبادل راستہ اختیار کیا۔

حادثہ بدھ کی علی الصبح سوا دو بجے سوان دریا کے کنارے واقع گاؤں ڈھوکے پٹھان کے قریب پیش آیا، جہاں تنگ اور بل کھاتی سڑک پر ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی تقریباً 100 فٹ گہری کھائی میں جاگری۔حادثے میں بس ڈرائیور 56 سالہ عبد الستار سمیت 40 سالہ ضیا احمد ساکن کوٹلی ستیاں، 33 سالہ محمد اسحاق ساکن لودھراں اور 45 سالہ رمضان ساکن ملتان موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک جاں بحق شخص کی شناخت نہ ہو سکی۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے 15 اہلکار اور 5 ایمبولینسز موقع پر پہنچیں اور دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے امدادی آپریشن کے بعد زخمیوں اور لاشوں کو نکالا گیا۔ لاشیں تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال تلہ گنگ جبکہ زخمیوں کو سٹی اسپتال تلہ گنگ منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ اور ڈی ایس پی نے اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کو فوری اور مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ادھر صوبے میں شدید دھند کے باعث متعدد موٹرویز بند ہیں اور ریسکیو حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔